چیئرمین سینیٹ سے پیر امین الحسنات اور بابر سلیم سواتی کی ملاقاتیں

اسلام آباد(ظفرملک)سابق وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، سماجی اور مذہبی صورتحال سمیت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی رواداری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ مختلف مذاہب اور مکاتبِ فکر کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دے کر ملک میں امن، استحکام اور قومی یکجہتی کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے، جو ملکی ترقی اور معاشی خوشحالی کے لیے بھی نہایت اہم ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے پیر محمد امین الحسنات شاہ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں اور عوامی فلاح و بہبود، مذہبی ہم آہنگی اور معاشرتی رواداری کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔
پیر محمد امین الحسنات شاہ نے بھی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سیاسی، سماجی، جمہوری اور مذہبی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت کے فروغ، آئینی بالادستی اور ملکی ترقی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک میں امن، استحکام، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

قبل ازیں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے آج اسلام آباد میں منسٹرز انکلیو میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، علاقائی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کے نمائندہ ایوان کی حیثیت سے پاکستان کے وفاقی پارلیمانی نظام کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ صوبوں کے مفادات کے تحفظ، وفاقی اکائیوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری، ہم آہنگی اور تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے درمیان مؤثر اور مضبوط رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی و صوبائی نوعیت کے مسائل کو بات چیت، باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام، جمہوری تسلسل اور آئینی اصولوں کا احترام وفاق کو مضبوط بنانے اور ملک بھر میں متوازن ترقی یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

ملاقات میں قومی مفاد کے وسیع تر تناظر میں پارلیمانی اداروں کو مزید مضبوط بنانے اور وفاقی و صوبائی قانون ساز اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون برقرار رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

Read Previous

ٹرمپ نے پاسداران انقلاب سے بیک چینل مذاکرات کی تصدیق کر دی

Read Next

اسلام آباد پولیس میں اہم تقرریاں و تبادلے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular