روالپنڈی (فرنٹیئر نیوز)ایل پی جی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، فی کلو 500 سے 600 روپے تک فروخت ہونے لگی
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایل پی جی 500 روپے فی کلو جبکہ پہاڑی علاقوں میں قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گھریلو سلنڈر 6 ہزار جبکہ پہاڑی علاقوں میں 7,200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ آئندہ روز قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق اوگرا نے اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 3,350 روپے مقرر کر رکھی ہے، تاہم مارکیٹ میں قیمتوں کا فرق برقرار ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایس ایس جی سی ٹرمینل استعمال کرے اور ایل پی جی کی فوری درآمد یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوگرا قیمتوں میں اضافے اور مبینہ ناجائز منافع خوری پر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔
