آپریشن سندور سے متعلق بھارتی ڈاکومنٹری حقائق کے منافی ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی(فرنٹیئرنیوز)افواج پاکستان نے آپریشن سندور سے متعلق بھارتی ڈاکومنٹری کو حقائق مسخ کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینما طرز کی منظرکشی، جذباتی بیانیے اور منتخب انٹرویوز سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کیے جاسکتے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کے ایک سال سے زائد عرصے بعد بھی بھارت ناکام فوجی مہم کی حقیقت تسلیم کرنے کے بجائے تاریخ کو اپنے من پسند رنگ میں پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔بھارتی مواد تخلیق کرنے والوں نے آپریشن سندور پر مبنی ایسی ڈاکومنٹری تیار کی جس میں اعلی سیاسی اور عسکری قیادت کے انٹرویوز شامل ہیں، تاہم اس میں واقعات کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق ڈاکومنٹری میں 16 اپریل 2025 کو پاک فوج کے سربراہ کے خطاب کو 22 اپریل کے پہلگام واقعے سے جوڑ کر ایک بے بنیاد سازشی نظریہ پیش کیا گیا۔ بیان میں سوال اٹھایا گیا کہ بھارت نے دعوی کیا تھا کہ پہلگام واقعے کے مبینہ تین ذمہ دار افراد کو 28 جولائی 2025 کو ہلاک کیا گیا، جبکہ آپریشن سندور 7 مئی کو شروع کیا گیا تھا، تو پھر بھارت نے 7 مئی کو کس کو سزا دینے کا دعوی کیا؟

آئی ایس پی آرنے اس بھارتی دعوے کو بھی مسترد کیا کہ آپریشن سندور 100 فیصد کامیاب رہا۔ بیان کے مطابق معرکہ حق کے دوران پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا مثر جواب دیتے ہوئے 8 بھارتی فوجی طیارے مار گرائے، جبکہ بعد ازاں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران 26 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی عسکری قیادت کے اپنے اعترافات بھی مکمل بھارتی برتری کے دعوے سے مطابقت نہیں رکھتے۔ میزائل، ڈرون اور فضائی کارروائیوں سمیت لائن آف کنٹرول پر مسلسل جھڑپیں اور بھارتی فضائی دفاعی نظام کا فعال ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ تنازع یکطرفہ فتح نہیں تھا۔آئی ایس پی آرنے کہا کہ جنگ بندی دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے اور فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق کے نتیجے میں ہوئی، جس میں امریکا نے بھی کردار ادا کیا۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان امن اور علاقائی استحکام کیلئے پرعزم ہے، تاہم مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ مستقبل میں کسی بھی فوجی مہم جوئی کا جواب بھرپور اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔

Read Previous

اسلام آباد پولیس میں اہم تقرریاں و تبادلے

Read Next

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشت گرد ہلاک

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular