FFRONTIER NEWSNEWS • PAKISTAN & THE WORLD
WEATHER REPORTLive data not configured

پاکستان کا جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی کمیٹی برائے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے سامنے دوسرا جائزہ مکمل

اسلام آباد (ظفر ملک سے) پاکستان نے جنیوا میں 3 اور 4 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والے اقوامِ متحدہ کی کمیٹی برائے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق (CESCR) کے سامنے اپنا دوسرا جائزہ مکمل کر لیا۔

پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف، بیرسٹر عقیل ملک نے کی۔ وفد میں وفاقی سیکرٹری برائے انسانی حقوق، جناب عبدالخالق شیخ، ڈائریکٹر (بین الاقوامی تعاون) ڈاکٹر محمد عارف، ٹرانس جینڈر حقوق کی ماہر محترمہ نایاب علی سمیت وزارتِ انسانی حقوق اور جنیوا میں پاکستان کے مستقل مشن کے دیگر نمائندگان شامل تھے۔

جائزے کے دوران پاکستان نے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICESCR) پر عمل درآمد کے حوالے سے اپنی پیش رفت پیش کی اور 2017 میں ہونے والے گزشتہ جائزے کے بعد قانون سازی، پالیسی اور ادارہ جاتی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کو اجاگر کیا۔ پاکستانی وفد نے آئینی دائرہ کار اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے بتدریج فروغ اور ان کے حصول کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفد نے سماجی تحفظ، تعلیم، صحت، محنت کشوں کے حقوق، خواتین کو بااختیار بنانے، بچوں کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اہم اقدامات کو اجاگر کیا۔ اس ضمن میں بنیادی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے، محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو مضبوط کرنے، سماجی شمولیت کو فروغ دینے اور کمزور و محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات پر خصوصی روشنی ڈالی گئی۔

پاکستان نے کم عمری کی شادیوں کی روک تھام، صنفی مساوات کے فروغ، صنفی بنیاد پر تشدد کے تدارک اور خواتین و بچوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے قانون سازی اور ادارہ جاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے خاتمے، کام کی جگہوں پر تحفظ کو بہتر بنانے اور انصاف تک رسائی مؤثر بنانے کے لیے جاری کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

وزارتِ انسانی حقوق نے پاکستان کی متواتر جائزہ رپورٹ کی تیاری اور اس عمل میں وفاقی و صوبائی حکومتوں، متعلقہ قومی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سے مشاورت کے ذریعے مرکزی کردار ادا کیا، تاکہ بین الاقوامی معاہدوں کے تحت رپورٹنگ کے عمل کو مربوط اور جامع بنایا جا سکے۔

کمیٹی کے ارکان کے ساتھ سوال و جواب کے تفصیلی سیشن کے دوران پاکستانی وفد نے تعلیم، صحت، محنت کشوں کے حقوق، سماجی تحفظ، صنفی مساوات، اقلیتوں کے حقوق، رہائش، موسمیاتی تبدیلی اور کمزور طبقات کے تحفظ سے متعلق سوالات اور مشاہدات کا تفصیلی جواب دیا۔ پاکستان نے مالی وسائل کی محدودیت، موسمیاتی آفات اور ساختی نوعیت کے مسائل سے درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور ان سے نمٹنے کے لیے جاری پالیسی اصلاحات اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اختتامی کلمات میں وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے طریقہ کار کے ساتھ تعمیری روابط جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آئینی ضمانتوں اور بین الاقوامی وعدوں کو مؤثر پالیسی اقدامات اور عملی اصلاحات کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں میں حقیقی بہتری میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے مسلسل ادارہ جاتی رابطہ کاری، پالیسیوں پر مؤثر عمل درآمد اور اصلاحات کے تسلسل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

پاکستان نے کمیٹی کی جانب سے آئندہ جاری کی جانے والی حتمی سفارشات کا جائزہ لینے اور ان پر مناسب اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر مسلسل رابطہ کاری اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اس جائزے کی تکمیل اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے معاہداتی نظام کے ساتھ پاکستان کے مسلسل روابط میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جو قانون سازی، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے معاشی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Read Previous

پی سی بی کا قومی کرکٹرز کو افغانستان لیگ کیلئے این او سی نہ دینے کا فیصلہ

Read Next

یہاں بھی چھوٹے چھوٹے ٹرمپ موجود ہیں،عمران خان انکے گلے کی ہڈی بن گئے ہیں،علامہ راجہ ناصر عباس

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular