لاہور(فرنٹیئرنیوز)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے آئندہ چند دنوں میں پنجاب میں اسموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرحد پار آتش بازی کے باریک ذرات فضائی آلودگی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں، بھارت سے ملحق مشرقی کوریڈور کے قریب سموگ گنز آپریشن مزید تیز کر دیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مقامی آلودگی کے ذرائع پر قابو پانے کے لیے عوام حکومت کا ساتھ دیں، فصلوں کی باقیات، خصوصاً دھان کے مڈھ جلانے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کوڑا، پلاسٹک اور دیگر فضلہ کھلے عام جلانے پر پابندی یقینی بنایا جائے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا اسموگ میں کمی کے لیے گاڑیوں کے دھوئیں اور مضر اخراج پر کنٹرول ضروری ہے، گاڑیوں کی فٹنس اور اخراج کے معیار پر سختی سے عمل کیا جائے۔
