فیلڈ مارشل عاصم منیر سے فرانس کے سیکرٹری جنرل دفاع و قومی سلامتی کی ملاقات

راولپنڈی(فرنٹیئرنیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے فرانس کے سیکرٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔پاکستان میں فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پوئریئر بھی فرانسیسی سیکرٹری جنرل کے ہمراہ تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں فرانس کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔فرانسیسی سیکرٹری جنرل نکولس روش نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، نکولس روش نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید وسعت دینے میں فرانس کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا جبکہ دورے کے دوران انہیں سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔انہوں نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں اور ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ “شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔”

Read Previous

امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Read Next

سعودی قومی دن پر صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کی شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کو مبارکباد

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular