FFRONTIER NEWSNEWS • PAKISTAN & THE WORLD
WEATHER REPORTLive data not configured

کیش لیس پاکستان، ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حجم ایک سال میں دوگنا ہوگیا

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز ) کیش لیس پاکستان، ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حجم ایک سال میں دوگنا ہوگیا، فعال ڈیجیٹل مرچنٹس کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔راست کیو آر کوڈ کے فروغ کے لیے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ سکیم کی منظوری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت، 16 نومبر سے آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام پر عمل درآمد کے سلسلے میں فالو اَپ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ، راست کیو آر سکیم اور وزیراعظم کے ڈیش بورڈ کے اشاریوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری کردیں۔

وزیراعظم کی گزشتہ جمعہ کو کیش لیس پاکستان سے متعلق منعقدہ میٹنگ کے تسلسل میں وزارت خزانہ میں ہونے والے اجلاس میں سرکاری اور نجی شعبے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کی سربراہی میں قائم کیش لیس پاکستان کمیٹی کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں راست کیو آر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (MDR) اسکیم کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے اور وزیراعظم کے اعلیٰ سطحی ڈیش بورڈ کو مزید جامع بنانے پر غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے صرف مجموعی حجم ہی نہیں بلکہ ان کی مالیت اور منفرد اکاؤنٹس استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کو بھی ڈیش بورڈ کا حصہ بنایا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام کے تحت ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ فعال ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے والے تاجروں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ کر 20 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا مجموعی حجم ایک سال کے دوران دگنا ہوگیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 16 نومبر سے ملک بھر میں آسان اسائنمنٹ اکاؤنٹس (Asaan Assignment Accounts) کی تمام ادائیگیاں راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائیں گی، جس کے لیے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (DDOs) کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے۔

اسی طرح ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد گیس اور بجلی کے بلوں پر راست کیو آر کوڈز فراہم کردیئے گئے ہیں، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے اپنے یوٹیلیٹی بلز ڈیجیٹل طریقے سے ادا کرسکتے ہیں۔ نادرا کے تمام مراکز کو بھی راست کیو آر کوڈز سے لیس کردیا گیا ہے تاکہ شہری نادرا کی خدمات کے عوض فیسوں کی ادائیگی ڈیجیٹل طریقے سے کرسکیں۔

وزیراعظم کی گزشتہ اجلاس میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی کہ راست کیو آر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ سکیم کی منظوری کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ورکنگ پیپر تیار کیا جائے، تاکہ راست کیو آر کے استعمال اور فروغ کا سلسلہ مزید تیز کیا جاسکے۔

وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ وہ کراچی میں مختلف بینکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو افسران سے ملاقات کریں گے، جس میں وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے بینکوں کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے تمام بینک اس قومی اقدام کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اجلاس میں معیشت کی کارکردگی جانچنے کے لیے نتائج پر مبنی اشاریوں کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔ وزیر مملکت نے سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ مجموعی قومی پیداوار (GDP) کے مقابلے میں آر ٹی جی ایس (RTGS) کے ذریعے ہونے والی ادائیگیوں کے تناسب سمیت اہم معاشی اشاریوں کو بھی ڈیش بورڈ میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور نادرا کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ نجی شعبے کی جانب سے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر، جاز کیش کے چیئرمین، بینک الفلاح کے چیف ڈیجیٹل آفیسر اور جے ایس بینک، کرنداز پاکستان سمیت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے سے وابستہ دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے اختتام پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے شرکاء کی تجاویز اور تعاون کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ کیش لیس پاکستان کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

Read Previous

راولپنڈی میں پرانی دشمنی پر باپ اوراسکے جوان بیٹے کو قتل کردیاگیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular