اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے جیل میں اپنے سیل کے اندر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو نجی زندگی میں مداخلت اور بنیادی انسانی وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا۔
حماد اظہر نے اپنے سیل سے دونوں کیمرے ہٹانے کے ساتھ جیل میں بی کلاس سہولیات فراہم کرنے کی بھی درخواست کردی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر تقریباً تین سال روپوش رہنے کے بعد 6 ستمبر 2026 کو ملتان سے گرفتار ہوئے۔ وہ 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق متعدد مقدمات میں مطلوب تھے
جن میں لاہور کے جناح ہاؤس حملہ کیس اور جی او آر گیٹ حملہ کیس بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف سرور روڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا تھا، جس میں جناح ہاؤس پر حملے اور توڑ پھوڑ کے الزامات شامل ہیں۔
حماد اظہر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل کے سیل میں دو سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، جن کی ریکارڈنگ باتھ روم اور ٹوائلٹ کی جگہوں تک بھی جاتی ہے۔ ان کے مطابق اس طرح مسلسل نگرانی سے ان کی نجی زندگی متاثر ہورہی ہے اور یہ بنیادی انسانی وقار کے بھی خلاف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جیل کے سیل سے دونوں سی سی ٹی وی کیمرے فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ انہیں اپنی نجی زندگی کے تحفظ کا حق حاصل ہوسکے۔حماد اظہر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں جیل میں کئی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔ ان کے سیل میں نہ بیڈ موجود ہے، نہ کرسی اور نہ ہی میز کی سہولت دستیاب ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہیں فرش پر سونا پڑتا ہے، تاہم اب وہ فرش پر سونے کے عادی ہوچکے ہیں۔حماد اظہر نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ وہ جیل میں اپنے حالات اور تجربات پر ایک کتاب لکھ رہے ہیں، جسے وہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہیں کم از کم ایک میز اور کرسی فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی تحریری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
عدالت میں پیش کیے گئے مؤقف کے مطابق سیل میں نصب کیمروں کی وجہ سے انہیں نہانے کے دوران بھی رازداری حاصل نہیں۔ حماد اظہر نے بتایا کہ کیمروں کی موجودگی کے باعث انہیں کپڑے پہن کر نہانا پڑتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے موجودہ جیل انتظامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 242 (ii) کا حوالہ دیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انہیں جیل میں بی کلاس سہولیات فراہم کی جائیں، حماد اظہر نے یہ پیشکش بھی کی ہے کہ بی کلاس کی سہولیات فراہم کرنے پر آنے والے اخراجات وہ خود برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کی درخواست میں بنیادی طور پر دو مطالبات شامل ہیں:جیل کے سیل میں نصب دونوں سی سی ٹی وی کیمرے ہٹائے جائیں، خصوصاً ایسے مقامات کی نگرانی ختم کی جائے جہاں نجی زندگی متاثر ہوتی ہو۔دوسرا انہیں بی کلاس کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں، جن میں ضروری فرنیچر اور دیگر سہولیات شامل ہوں۔
10 نومبر 2026 کو حماد اظہر کو ان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ حماد اظہر کے خلاف ضمنی تفتیشی رپورٹ تیار کی جارہی ہے اور اسے مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت درکار ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے حماد اظہر کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 24 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔اسی عدالتی کارروائی کے دوران ان کے وکیل ابوذر سلمان نیازی کی جانب سے جیل میں بی کلاس سہولیات کی فراہمی اور سی سی ٹی وی کیمرے ہٹانے کی درخواست بھی دائر کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے جیل سیل میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور باتھ روم تک نگرانی کے معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں شوکت بسرا نے الزام عائد کیا کہ حماد اظہر کے جیل سیل میں ایسے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کی ریکارڈنگ واش روم تک جاتی ہے۔
شوکت بسرا نے اپنے بیان میں فارم 47 کے تحت اقتدار میں آنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر حماد اظہر کے واش روم میں کیمرے لگا کر کیا تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟ کیا ٹوائلٹ میں کوئی قومی سلامتی کا خطرہ چھپا ہوا ہے یا وہاں سے وہ سیاسی جواز تلاش کیا جا رہا ہے جو انہیں انتخابی نتائج میں نہیں ملا؟
پی ٹی آئی رہنما نے اس اقدام کو سکیورٹی کے بجائے سیاسی انتقام اور انسانی وقار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اخلاقی اقدار، شائستگی اور بنیادی انسانی احترام کے زوال کی عکاسی کرتا ہے۔شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ اقتدار عارضی ہوتا ہے، لیکن اخلاقی پستی اور ایسے اقدامات کی شرمندگی طویل عرصے تک باقی رہتی ہے۔
