اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی پابند نہیں بلکہ ان سے صرف رہنمائی لے سکتی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی وفاقی آئینی عدالت کے لیے صرف قائل کرنے والی حیثیت ہے، سپریم کورٹ کی قانونی نظیر اسی صورت اختیار کی جا سکتی ہے جب وہ آئین اور قانون سے مطابقت رکھتی ہو۔
وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان نے نظرثانی اور اپیل کے اختیار سے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا۔
آئینی عدالت نے نظرثانی درخواستوں کے دائرہ کار سے متعلق اہم اصول وضع کرتے ہوئے قرار دیا کہ نظرثانی کا مقصد مقدمے کی دوبارہ سماعت یا پہلے سے طے شدہ نکات پر بحث کا ایک اور موقع فراہم کرنا نہیں، بلکہ ریکارڈ پر موجود واضح غلطی یا ایسی کوتاہی کی نشاندہی ہے جس سے انصاف متاثر ہوا ہو۔
