اسلام آباد (فرنٹیئر نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور اسے تباہ کن سیلابوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گلیشیئرز پگھلنے سے ہزاروں افراد کے گھر اور ذرائع معاش خطرے میں ہیں، ایسے میں عالمی برادری کو اعلانات سے آگے بڑھ کر عملی تعاون کرنا ہوگا۔
کوپ 31 کے پاکستانی پویلین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ موسمیاتی مالی معاونت کا بڑا حصہ زیادہ اخراج کرنے والے ممالک تک محدود ہے، اس کی منصفانہ تقسیم ہونی چاہیے تاکہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔پاکستان میں چھتوں پر سولر پینلز نصب کرنے کا انقلاب برپا ہو چکا ہے اور عوام نے اپنی بچت سے قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا، اس مقصد کے لیے کسی بیرونی مالی امداد کا انتظار نہیں کیا۔ سولر توانائی کے فروغ سے ایل این جی کی درآمد میں کمی ممکن ہوئی ہے اور ملک کا انرجی مکس صاف توانائی کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔
حکومت کے ساتھ مذاکرات میں عوامی ریلیف پر اتفاق ہوا ہے، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے حکومتی ورکنگ جاری ہے، لیاقت بلوچ
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی 2 بنیادی ذمہ داریاں زمین اور آنے والی نسلوں کا تحفظ ہیں۔ سولر اور دیگر صاف توانائی کے ذرائع موسمیاتی آلودگی کم کرنے میں مددگار ہیں اور پاکستان ان شعبوں میں اپنی کامیابیاں عالمی برادری کے سامنے پیش کر رہا ہے۔وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے پالیسی کا اعلان کیا ہے، جس سے فضائی آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق گاڑیاں اسموگ اور فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں، جبکہ آلودہ فضا انسانی زندگی کے کئی سال کم کر دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی اور صحت کے شعبوں میں ذمہ دارانہ اقدامات کر رہا ہے اور صاف توانائی کے فروغ کے لیے عوامی سطح پر ہونے والی کوششیں بھی اہمیت رکھتی ہیں۔ عالمی برادری کو موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے محض وعدوں کے بجائے مؤثر اقدامات اور منصفانہ تعاون یقینی بنانا ہوگا۔
