نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
راولپنڈی(فرنٹیئرنیوز)موسلادھار بارشیں،نالہ لئی خطرناک حد تک بھرگیا،ہنگامی صورتحال،پاک فوج مدد کیلئے طلب،شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح 18 فٹ تک بلند ہو گئی ، پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا۔
رات ایک بجے سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی رہی۔ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیلابی کیفیت کے خطرے کے سائرن بھی بجا دیئے گئے۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔
حکام کے مطابق صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی کی سطح خطرناک سطح تک پہنچ گئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ شہریوں کو نالہ لئی، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں اوسطا 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، گولڑہ کے مقام پر سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ، بوکرا میں 40 ملی میٹر، سید پور 70، ایچ ایٹ 57 اور شمس آباد میں 44 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں اور خیبر پختونخوا ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسیں گے۔
