بحیرہ احمر میں جہاز حملے میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ، اسحاق ڈار

اسلام آباد(فرنٹیئر نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملے بے گناہ انسانی جانوں اور بحری سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔اسحاق ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے میں 3 پاکستانی جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تفصیلات جاننے کے لیے متعلقہ سعودی حکام اور یمن حکومت سے رابطے میں ہیں۔ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کو میتوں کی وطن واپسی اور زخمی شہری کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرخارجہ نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ، حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔واضح رہے گزشتہ روز یمن کے قریب بحیرہ احمر کے بحری راستے پر آبنائے باب المندب میں حوثی باغیوں نے تجارتی جہاز پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 3 پاکستانی اور ایک انڈونیشین شہری جاں بحق ہوا تھا۔

یمن کے سرکاری میڈیا کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی جہاز کے نام، اس کی ملکیت اور سفر کی منزل کے بارے میں بھی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔یمن میں جاری کشیدگی کے باعث باب المندب اور بحیرہ احمر سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی سلامتی ایک عرصے سے عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ حالیہ واقعے کے بعد بھی علاقے میں بحری جہازوں کی آمدورفت اور عملے کی حفاظت کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

Read Previous

ایران کے حملوں کا خوف، ٹرمپ کہاں چھپے تھے ؟خود ہی بتا دیا

Read Next

وزیرداخلہ نے فیلڈمارشل کا خصوصی پیغام ایرانی صدر کوپہنچ دیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular