نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
پشاور(فرنٹیئرنیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ہمارا لانگ مارچ ہر صورت ہوگا، حکومت کیلیں لگائے، کنٹینرز رکھے یا گولیاں چلائے، ان شاء اللہ ہم نکلیں گے اور اس جعلی نظام اور کرپٹ حکمرانوں کا ’’Once for all‘‘ بندوبست کریں گے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزرا کو اغواء کیا جا رہا ہے، سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد کے ذریعے کبھی گولیاں چلائی جاتی ہیں اور کبھی اغواء کیا جاتا ہے، ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد خٹک تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر ہیں اور ان کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، انہیں میڈیا پر بین کر دیا گیا ہے، اس کا کیا مطلب لیا جائے؟ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات کو بھی میڈیا پر بین کیا گیا ہے، یہ صورتحال قابلِ غور ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ مجھے ابھی اطلاع ملی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کوریج سے بھی روک دیا گیا ہے، اس کا کیا مطلب لیا جائے؟
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس سیکریٹریٹ سے پورا صوبہ چلتا ہے اور صوبے کا انتظامی نظام چلتا ہے، وہاں جعلی تھریٹ کے ذریعے تمام سرکاری کام بند کروائے گئے، سیاست میں اتنا نہ گریں کہ کل کو ایک دوسرے سے آنکھ ملانے کے قابل نہ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی تھریٹ نہیں تھا، سیکریٹریٹ کینٹ کے اندر آتا ہے اور کینٹ کا پورا علاقہ ان کے کنٹرول میں ہے، جس مسجد کو تھریٹ کے باعث بند کیا گیا، میں خود وہاں گیا اور نماز ادا کی۔سہیل آفریدی نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ خیبرپختونخوا میں دوسرے صوبے کی انتظامیہ لانچ کرنے جا رہے ہیں؟ دوسرے صوبے کی انتظامیہ خیبرپختونخوا کی حدود میں داخل ہو کر کارروائی کر رہی ہے، اس کا کیا مطلب لیا جائے؟
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر جو کیلیں لگائی جا رہی ہیں، یہ اسی نظام کے تابوت میں آخری کیلیں ثابت ہوں گی، ہم پاکستان کی حفاظت کریں گے اور اسے ٹوٹنے نہیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ سڑکوں پر نصب کی جانے والی کیلیں کیا پاکستان سے خیبرپختونخوا کو کاٹنے کی سازش کا حصہ ہیں؟ پہلے کہا جاتا تھا کہ خیبرپختونخوا والے جنگلی ہیں، پنجاب کو بھارت سے خطرہ نہیں بلکہ باقی صوبوں سے خطرہ ہے، کیا خیبرپختونخوا کو پاکستان سے توڑنے کی سازش پر عمل شروع ہو چکا ہے؟
سہیل آفریدی نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، وہ چارسدہ جا رہے ہیں اور واپس آکر دوبارہ میڈیا سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق سیاسی کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
