پاک بحریہ نے ہمیشہ عزم، جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا : سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک بحریہ کے شہداو غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے دفاعِ وطن اور ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہمیشہ عزم، جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں پاک بحریہ کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جس میں دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات اور ریڈار سٹیشن کو نشانہ بنایا۔اس جنگ کے دوران آبدوز غازی نے بحری محاذ پر اپنی آپریشنل ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دیتے ہوئے دشمن کی بحری نقل و حرکت کو محدود کییرکھا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی سمندری حدود کے تحفظ اور قومی دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں۔چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی دفاع اور سلامتی کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کیا۔ افواجِ پاکستان کی مشترکہ پیشہ ورانہ صلاحیت، باہمی تعاون اور قومی جذبے نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی معیشت، تجارت اور تزویراتی سلامتی میں سمندری راستوں کی بنیادی اہمیت کے پیشِ نظر پاک بحریہ کا کردار ا نتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہی ہے۔پوری قوم پاک بحریہ کے شہدا، غازیوں اور بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔ انہوں نے شہداکے درجات کی بلندی اور پاکستان کیلیے امن، سلامتی اور ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔

Read Previous

وزیر تجارت کے دورہ ہانگ کانگ کا اعلان

Read Next

سعودی عرب پر حوثی حملوں میں 73 افراد زخمی، وزیر اعظم شہباز کی شدید مذمت

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular