11 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں: محسن نقوی

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایک بیان میں وزیر داخلہ نے بروقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 11 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر وہ بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

محسن نقوی نے عزم ظاہر کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی سرپرستی میں پلنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنے جوانوں کی پشت پر کھڑی ہے۔

سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 11 دہشت گرد ہلاک

واضح رہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 ستمبر کو بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں آپریشنز کئے، دوران آپریشنز بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کر کے مقامی ٹریفک متاثر کرنے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 8 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

دوسری کارروائی واشک میں کی گئی جہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا، آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، واشک سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا، برآمد کیا گیا دھماکا خیز مواد دیسی ساختہ بم بنانے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

Read Previous

27 ستمبر کو پرامن مارچ ہوگا،توقع ہے فضل الرحمان اور اپوزیشن جماعتیں مارچ میں شامل ہوں گی، بیرسٹر گوہر

Read Next

وزیراعلیٰ مریم نواز کا بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی کامیابی پر اظہار تشکر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular