نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں دونوں اداروں کی بندش کے عمل پر ہونے والی پیشرفت، باقی ماندہ کام اور انتظامی و مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ریکس اور دیگر منقولہ اثاثوں کی نیلامی کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کی جائیدادوں کی تلفی یا منتقلی کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ امور پرغورکیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے تصدیق شدہ وینڈر واجبات کی ادائیگیاں کردی گئی ہیں، جبکہ ادارے کے باقی ماندہ اسٹاک کو مقررہ طریقہ کار کے تحت نمٹایا جا رہا ہے۔وزیر خزانہ نے اسٹاک کی تلفی اور دیگر معاملات میں مقررہ ضابطہ کار پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پاسکو کی بندش کے عمل، موجود اسٹاک اور باقی ماندہ کام کی تکمیل کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ صوبوں میں موجود پاسکو اسٹاک کی منتقلی کے لیے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ صوبائی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے ذریعے اسٹاک کی منتقلی سمیت بندش کے تمام معاملات بروقت مکمل کیے جائیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یوٹیلٹی اسٹورز سے متعلق زیر سماعت مقدمات کا بھی نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ اداروں کی بندش کے عمل کے ساتھ تمام قانونی، مالی اور انتظامی تقاضے بھی مکمل کیے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مرحلے پر قانونی یا انتظامی پیچیدگی کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
محمد اورنگزیب نے پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا عمل جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باقی ماندہ امور واضح ذمہ داریوں اور عملی مدت کار کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔انہوں نے پیشرفت کا تسلسل برقرار رکھنے اور تمام کام مربوط انداز میں آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بندش کے عمل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوامی وسائل کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اثاثوں، اسٹاک، واجبات اور دیگر مالی معاملات کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نمٹایا جائے تاکہ بندش کا عمل شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل ہوسکے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے دوران باقی رہ جانے والے تمام قانونی، مالی، انتظامی اور اثاثہ جاتی معاملات کو بروقت نمٹایا جائے تاکہ دونوں اداروں کی بندش کا عمل کسی غیرضروری تاخیر کے بغیر مکمل کیا جاسکے۔
