پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ، ویزا پابندی ختم

نیویارک(فرنٹیئرنیوز) پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزے کی پابندی ختم کر دی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ سعودی وزیر خارجہ اور میرے بھائی شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ مل کر اس معاہدے کو حتمی شکل دینا دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط، سرکاری آمدورفت اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے جموں و کشمیر رابطہ گروپ کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر تقریباً 8 دہائیوں سے حل طلب ہے اور اس کا پائیدار حل طاقت کے بجائے مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کے مطابق تنازع کی بنیادی وجوہات کے حل میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تقریباً 8 دہائیوں سے عالمی برادری کے اس وعدے کے منتظر ہیں کہ انہیں اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے گا۔

اسحاق ڈار کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی، سیاسی اور ثقافتی شناخت تبدیل کرنا ہے۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی اور شہری آزادیوں کو محدود کر دیا گیا ہے۔

 

Read Previous

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا

Read Next

پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کیخلاف مقدمہ درج

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular