پشاور(فرنٹیئرنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے مشال یوسفزئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ اگلے سال مارچ میں دوبارہ سینیٹر بننے کی راہ ہموار کرنے کے لیے عمران خان کی صحت اور رہائی جیسے سنجیدہ معاملات کو اپنے ذاتی سیاسی مفادات کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
شوکت بسرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مشال یوسفزئی پر الزام لگایا کہ وہ مبینہ طور پر سازش اور جھوٹا بیانیہ بنا کر عمران خان تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ آئندہ سینیٹ کی نشست حاصل کر سکیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان ان کی حقیقت جاننے کے بعد انہیں پارٹی سے نکالنے کا کہہ چکے ہیں۔عمران خان کی صحت اور رہائی جیسے اہم معاملات کو ذاتی سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ ان کے بقول مشال یوسفزئی ماضی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بھی غلط معلومات فراہم کرتی رہی ہیں۔
شوکت بسرا نے مشال یوسفزئی پر پارٹی قیادت، عمران خان کی بہنوں، بشریٰ بی بی کے اہل خانہ اور دیگر رہنماؤں کے خلاف بیانات دینے کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب سہیل آفریدی، جنید اکبر اور عمران خان کے وفادار ساتھیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ مشال یوسفزئی کے اقدامات سے پارٹی میں اختلافات پیدا ہونے اور تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شوکت بسرا نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان ایسے طرزِ عمل سے واقف ہیں اور مشال یوسفزئی کو اپنے سیاسی مستقبل کے لیے کہیں اور کوشش کرنی چاہیے۔
