FFRONTIER NEWSNEWS • PAKISTAN & THE WORLD
WEATHER REPORTLive data not configured

اسمارٹ عینکوں پر پابندی کا معاملہ، لاہور ہائی کورٹ نے وفاق اور پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی

لاہور(فرنٹیئرنیوز)لاہور ہائی کورٹ نے اسمارٹ عینکوں پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو اس ضمن میں عملی اقدامات کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

کیمرے والی اسمارٹ عینکوں کی درآمد اور فروخت کو ضابطے میں لانے کا معاملہ اس وقت لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ یہ معاملہ اس وقت عدالت پہنچا تھا جب شہری نادرہ بی بی نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ مارکیٹوں اور بڑے اسٹورز پر فروخت ہونے والی ان عینکوں کے ذریعے لوگوں کی اجازت کے بغیر خفیہ ریکارڈنگ کی جاسکتی ہے۔ درخواست گزار نے انہیں سکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے ان کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ میں اسمارٹ عینکوں پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب حکومت کو بھی آئندہ سماعت پر اس معاملے میں کیے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت نے اسمارٹ عینکوں کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھایا ہے جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ عدالتی حکم پر یہ معاملہ اٹھایا گیا ہے اور اسے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ای سی سی کے بعد معاملہ وفاقی کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے پر صوبائی حکومتوں کو بھی خطوط لکھ دیے گئے ہیں۔چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ معاملہ کابینہ میں کب تک پیش کیا جائے گا اور ہدایت کی کہ عملی اقدامات کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے۔

دوران سماعت این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف میر نے بھی اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ اسمارٹ عینکوں کے ذریعے ریکارڈنگ یا اس حوالے سے کسی متاثرہ شہری کی درخواست زیر سماعت نہیں ہے۔وزارت تجارت کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کو اس معاملے پر خطوط ارسال کردیے گئے ہیں۔بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ اسمارٹ عینکوں پر پابندی کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ نے 28 ستمبر کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، وزارت تجارت، وزارت اطلاعات اور این سی سی آئی اے سمیت متعلقہ اداروں سے جواب طلب کیا تھا۔بعدازاں پنجاب حکومت نے بھی 19 اکتوبر کو خفیہ کیمروں، کیمرا پین، کی چین کیمروں اور کیمرے والی اسمارٹ عینکوں کے استعمال اور فروخت کے خلاف دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا تھا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کا تحفظ ہے۔

Read Previous

انکم ٹیکس گوشواروں کی خودکار جانچ پڑتال کا نیا طریقہ کار متعارف

Read Next

چین میں پہلی بار فرنچائز بیسڈ کرکٹ لیگ کی تیاریاں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular