آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم کا انتخاب 27 اگست کو ہوگا

مظفرآباد(فرنٹیئرنیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سیکرٹریٹ نے 17ویں وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا۔

شیڈول کے مطابق نئے وزیراعظم کا انتخاب 27 اگست کو قانون ساز اسمبلی میں ہوگا، وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی صبح 9 بج کر 30 منٹ سے 10 بج کر 30 منٹ تک جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 10 بج کر 30 منٹ سے 10 بج کر 45 منٹ تک ہوگی۔

جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کی ابتدائی فہرست صبح 11 بجے آویزاں کی جائے گی، امیدوار کاغذاتِ نامزدگی 11 بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک واپس لے سکیں گے۔حتمی امیدواروں کی فہرست دوپہر 12 بجے آویزاں کی جائے گی جس کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا عمل بھی 12 بجے شروع ہوگا۔

قانون ساز اسمبلی کے سیکرٹریٹ کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق تمام کارروائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مکمل کی جائے گی جبکہ نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے ساتھ ہی آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جبکہ احمد رضا قادری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے۔آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد نئی قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، چوہدری طارق فاروق 32 ووٹ لیکر قانون ساز اسمبلی کے 16 ویں اسپیکر جبکہ احمد رضا قادری 32 ووٹ لیکر 15 ویں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔

مسلم لیگ ن کے چوہدری طارق فاروق کے 32 کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 13 ووٹ حاصل کئے۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے چوہدری طارق فاروق کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔چوہدری طارق فاروق حالیہ عام انتخابات میں بھمبر سے کامیاب ہوئے اور انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو شکست دی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی مجموعی طور پر 53 ارکان پر مشتمل ہے، ان میں 45 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہوتے ہیں جبکہ 8 نشستیں مخصوص ہیں، مسلم لیگ ن کو 31 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی 14 نشستوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

Read Previous

عمران خان سےنورین نیازی کی تقریباً40منٹ تک ملاقات،میڈیا سے بات چیت کرنے سے گریز

Read Next

اسلام آباد کی یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular