گورننس انڈیکیٹرز میں بہتری، جامع روڈمیپ کی تیاری پر کام شروع

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان کی گورننس انڈیکیٹرز میں کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے جامع روڈمیپ کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری، درمیانی اور طویل المدتی اقدامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وہ منگل کو وزیراعظم کی کمیٹی برائے Key Governance Indicators کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری کابینہ ڈویژن سمیت دیگر متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو پاکستان کی حالیہ معاشی استحکام کی کوششوں، کریڈٹ ریٹنگز اور گورننس انڈیکیٹرز کے باہمی تعلق پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو سے ڈھائی برس کے دوران میکرو اکنامک استحکام کے نتیجے میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کریڈٹ ریٹنگز کے جائزوں میں استعمال ہونے والا ڈیٹا عموماً تقریباً دو سال پرانا ہوتا ہے، جس کے باعث موجودہ اصلاحات اور بہتری کا مکمل اثر عالمی ریٹنگز میں تاخیر سے ظاہر ہوتا ہے۔ بریفنگ میں معاشی استحکام، بہتر کریڈٹ ریٹنگ، کم قرض لاگت اور مضبوط گورننس کو باہم مربوط عوامل قرار دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے گورننس انڈیکیٹرز کے ذیلی اجزا اور جائزہ لینے کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات اور ادارہ جاتی ڈھانچے کے مطابق قابلِ عمل اور قابلِ پیمائش اصلاحات کی نشاندہی کی جائے۔

انہوں نے مختلف بین الاقوامی اور علاقائی بہترین طریقہ ہائے کار کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک کے ماڈلز کو من و عن اپنانے کے بجائے پاکستان کے اپنے حالات اور ادارہ جاتی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے۔

اجلاس میں گورننس انڈیکیٹرز میں بہتری کے لیے ماہرین پر مشتمل ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذیلی کمیٹی ایک ہفتے کے اندر گورننس انڈیکیٹرز سے متعلق اہم پہلوؤں کا جائزہ لے کر سفارشات اور روڈمیپ مرکزی کمیٹی کو پیش کرے گی۔

وفاقی وزیر نے فوری طور پر قابلِ عمل اقدامات پر مشتمل عبوری رپورٹ تیار کرنے اور مجوزہ اصلاحات میں وفاقی و صوبائی سطح پر ذمہ داریوں کو واضح کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے گورننس میں مجموعی بہتری کے ساتھ پاکستان کی عالمی ساکھ اور بین الاقوامی سطح پر پوزیشن بہتر بنانے کے اقدامات بھی تجویز کرنے کی ہدایت کی۔

Read Previous

وفاقی پولیس کا انسداد جرائم کریک ڈائون جاری ،19ملزمان گرفتار

Read Next

الیکشن کمیشن :گوشوارے جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر مقرر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular