پانچ اگست2019 بھارت کی تاریخ کا سیاہ دن ہے،شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست2019 بھارت کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو غیرقانونی طور پر ختم کرکے نہ صرف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں بلکہ بین الاقوامی قانون اور شملہ معاہدے کی روح کی بھی سنگین خلاف ورزی کی۔ یہ اقدام کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت پر کھلا حملہ تھا، جسے پاکستان تحریک انصاف آج بھی مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر، ماورائے عدالت گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں اور انسانی حقوق کی مسلسل پامالیاں اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ بھارت طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ ظلم کبھی بھی حق کی آواز کو خاموش نہیں کر سکتا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان پر مسلط فارم-47 حکومت نے مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے بجائے سفارتی محاذ پر شدید غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت کی خارجہ پالیسی کی کمزوری اور بے سمتی کے باعث بھارت کو اپنی جارحانہ پالیسیوں کو آگے بڑھانے کا موقع ملا۔ قومی مفاد کے اس اہم ترین معاملے پر خاموشی اور غیر سنجیدگی ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد تحریک انصاف عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی بھرپور نمائندگی کی، اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت دنیا کے اہم پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اٹھایا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔ آج بھی پاکستان تحریک انصاف اسی اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کا فوری نوٹس لیں اور بھارت کو بین الاقوامی قوانین اور اپنے وعدوں کا پابند بنائیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ظلم اور جبر کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے اور کشمیری عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکے گا۔

Read Previous

شاہد آفریدی کی اپیل: شمالی علاقوں میں سیر کریں مگر کچرا نہ پھیلائیں

Read Next

پیپلزپارٹی اگر بات نہیں مانتی تو کراچی کو وفاق کے ماتحت چلانے کا فیصلہ ہو سکتا ہے،مفتاح اسماعیل

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular