لاہور(فرنٹیئرنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے لاہور کے اسپتال میں زیرِ علاج پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
بیرسٹر گوہر جمعرات کو لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے جہاں انہوں نے شاہ محمود قریشی کی عیادت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں اور نہ ہی پی ٹی آئی نے اس ملاقات کے بارے میں کوئی بیان جاری کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کو طبی معائنے کے لیے گزشتہ روز ہی کوٹ لکھپت جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور آج اسپتال میں بیرسٹر گوہر سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پی ٹی آئی کو بظاہر ریلیف ملتا نظر آرہا ہے۔ جمعرات کو ہی سابق وزیرِاعظم عمران خان کی دونوں بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ البتہ اُن کی تیسری بہن علیمہ خان اب بھی نظر بند ہیں۔
عمران خان کی تینوں بہنوں کو ستمبر کے آخری عشرے میں امن عامہ کے قانون مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کی شق تین کے تحت نظر بند کیا گیا تھا۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمران خان سے ان کے وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر کی بدھ کو ملاقات کرائی گئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں قیاس آرآئیاں کی جا رہی تھیں۔
حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) رہنما خواجہ سعد رفیق نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں ان ملاقاتوں کے ممکنہ سیاسی محرکات پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ان کے پاس ان ملاقاتوں سے متعلق کوئی حتمی خبر نہیں لیکن اس کا تعلق مجوزہ 28 ویں آئینی ترمیم، چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے معاملات سے جڑا ہوا ہے۔
لطیف کھوسہ نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان سے 28 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی ہے، تاہم وہ اس کی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔
جیل میں عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے بعد ہونے والی چہ مگوئیوں پر ہم نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ ”ملاقات کے بعد 28 ویں آئینی ترمیم کی جو بازگشت چل رہی ہے، اس پر صرف یہی کہوں گا کہ حکومت نے کسی ترمیم پر کوئی کام شروع نہیں کیا۔“
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اے آر وائی کے پروگرام ’دی رپورٹرز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترمیم سے متعلق معاملہ 15 جنوری سے آگے نہیں جائے گا اور اس سے پہلے ہی اس حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے۔
ان کے مطابق آئینی ترمیم کے لیے پہلے ریفرنڈم کرانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے ذریعے حاصل ہونے والی عوامی منظوری کو آئینی ترمیم کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
فواد چوہدری کا دعویٰ ہے کہ ”ابھی تک جن لوگوں اور دوستوں سے میری بات ہوئی ہے، اس سے تو ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ترمیم (28ویں آئینی ترمیم) کا عمل 15 جنوری سے آگے نہیں جائے گا، اور یہ 15 جنوری سے پہلے ہی ہوجائے گا۔“
