اسلام آباد (ظفر ملک) حکومت کی جانب سے زرعی پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی طرح امسال گنے کاشتکاروں کو بھی بھاری نقصان ہونے کا اندیشہ ہے،
نومبر میں شوگر ملز نہ چلائیں گئیں تو کسان کی کمر ٹوٹ جائے گی،دوسری جانب دسمبر میں گندم کاشت کے بعد یوریا کھاد کا بھی شارٹ ہونے کو ہے پھر بلیک مارکیٹ میں کسانوں کو مہنگی کھاد خریدنے پر مجبور کیا جائے گا،
زرعی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال گندم ریٹ بحران پر پنجاب میں گنے کی کاشت میں 16فیصد تک اضافہ ہوا ہے جوکہ پہلے تقریباً 21 لاکھ 14 ہزار ایکڑ رقبے پر گنا کاشت ہوتا تھا
جبکہ اب 24 لاکھ 52 ہزار ایکڑ رقبے پر گنا کاشت ہوا ہے،جوکہ گزشتہ سال کی نسبت سولہ فیصد زیادہ ہے،حکومت کی جانب سے گندم ریٹ کسانوں کو کم دیا گیا جس سے وہ دل برداشتہ ہوئے اور گندم کی جگہ انہوں نے گنا زیادہ کاشت کیا اور بعد میں حکومت نے گندم آٹے پر سبسڈی دیکر ٹیکس کے پیسے سے ریلیف اور یہ بوجھ بھی کسان پر ڈالا گیا
،شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین ذکا اشرف کے مطابق اس وقت چینی سے ملز گودام بھرے پڑے ہیں اور نئی چینی رکھنے کے لیے جگہ ہی نہیں ہے اگر چینی کو بروقت ایکسپورٹ یا مارکیٹ میں نہ لایا گیا تو ملز دسمبر میں کریشنگ کریں گی اور اس سے کسان کو بھاری نقصان پہنچے گا،دوسری جانب گنے کا ریٹ اگر 700 روپے من بھی مقرر ہو جائے تو یہ گھاٹے کا سودا نہیں ہوگا اس سے ملز مالکان اور کسان دونوں کا فائدہ ہوگا،
یہاں کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایک جانب گنے سے نقصان کے بعد کھاد بحران بھی سر اٹھانے کو ہے امسال 70 ہزار ٹن کھاد موجود ہے جبکہ دسمبر میں 3 لاکھ ٹن سے زائد یوریا کھاد کی ضرورت ہوگی،
اور اس کا تدارک وقت پر نہ کیا گیا تو پھر تین گنا زیادہ ریٹ پر بلیک مارکیٹ میں کھاد ملے گی اور یہ بھاری نقصان صرف اور صرف کاشتکاروں کو ہی ہوگا،اس حوالہ سے حکومت کو چاہیے کہ ملکی زرعی پیداوار کو بچانے کے لیے جلد از جلد شوگر ملز کو چلا کر کسانوں کے استحصال کو بچایا جائے اور کھاد کی پیداوار دسمبر تک پوری کی جائے
