اسلام آباد،(فرنٹیئر نیوز) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یومِ سیاہ جموں و کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حتمی حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ مرضی کے مطابق ہونا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے اور حقِ خودارادیت سے انکار خطے میں پائیدار امن و استحکام کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کے حقِ خودارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ من مانی گرفتاریوں، غیر قانونی حراست، آزادیٔ اظہار اور پُرامن اجتماع پر پابندیوں، گھروں کی مسماری اور شہریوں کو اجتماعی سزا دینے سے متعلق اطلاعات عالمی برادری کی فوری توجہ کی متقاضی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی یک طرفہ اقدامات اور مقبوضہ علاقے میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شفاف تحقیقات، ذمہ داران کا احتساب اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ اور پُرامن حل سے وابستہ ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعے کے حل اور ان کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
