پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں ۔۔ وزیراعظم نے ایکشن لے لیا ۔۔ اہم ہدایات جاری

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری کراچی پہنچیں اور ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی ریلیف کے لیے فوری اقدامات اٹھائیں۔

وزیر اعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ملاقات کے دوران اہم ہدایات دیں۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک تھے۔

شہباز شریف نے علی پرویز ملک کو فی الفور کراچی پہنچنے اور آئل ریفائینریز سے مذاکرات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کراچی جائیں اور مقامی طور پر تیار کردہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی مقدار کا زیادہ تر حصہ مقامی ریفائینریز میں تیار ہوتا ہے اور اس کی قیمتوں میں کمی کے لیے وزیر پیٹرولیم بذات خود ریفائینریز سے مذاکرات کو جلد از جلد مکمل کریں۔انہوں نے واضح ہدایت کی کہ جس قدر ممکن ہو عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 34 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 334 روپے 54 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 69 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

وزیر پیٹرولیم علی پروز نے 17 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ معمول بن گیا ہے جس کے پیش نظر حکومت نے پیٹولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر طے کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس اعلان کے 3 دن بعد یعنی 20 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد بدل کا اعلان کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی نے گزشتہ 4 روز سے پیٹرول کی قیمت 225 روپے لیٹر مقرر کیے جانے کے مطالبے کے ساتھ چاروں صوبوں میں دھرنا دے رکھا ہے۔ اس کے علاوہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی حکومت سے متعدد مطالبات کر رکھے ہیں جبکہ اس کا ڈیلرز مارجن میں اضافہ حکومت نے منظور کر لیا تھا۔

 

Read Previous

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات۔۔۔ لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ جاری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular