ملتان(فرنٹیئرنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے قاسم ہاشمی کو آج ملتان ڈسٹرکٹ کورٹ میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے مزید ریمانڈ کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش کے لیے ابھی مزید ڈیٹا درکار ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں جاوید ہاشمی نے بتایا کہ قاسم ہاشمی گزشتہ 11 روز سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی حراست میں ہیں۔
قاسم ہاشمی کا موبائل فون بھی گزشتہ 11 روز سے این سی سی آئی اے کی تحویل میں ہے، جبکہ ان کے گھر کے تمام موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز بھی پولیس کے قبضے میں ہیں۔
جب قاسم ہاشمی اور ان کے زیر استعمال موبائل فون سمیت گھر کی دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز پہلے ہی تحویل میں ہیں تو مزید کس ڈیٹا کی ضرورت باقی رہ جاتی ہے؟عدالت میں پولیس نے خود بیان دیا کہ قاسم ہاشمی یا ان کے موبائل فون سے تاحال کوئی چیز برآمد نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اگر گیارہ دن کی حراست اور تمام الیکٹرانک ڈیوائسز کی تحویل کے باوجود پولیس کچھ ثابت نہیں کر سکی، تو اس کے بعد بھی اگر قاسم ہاشمی پر کوئی مزید الزام لگایاجاتا ہے تو اس کی بنیاد اور وجہ کیا ہے یہ آپ سب جانتے ہیں۔
