عمران خان کی بہن نورین نیازی سے ملاقات کروادی گئی، میڈیا سے گفتگو سے گریز

راولپنڈی (فرنٹیئرنیوز) اڈیالہ جیل میں آج ملاقاتوں کے دن بہن نورین نیازی کی عدالتی حکم کے بعد عمران خان سے ملاقات کروا دی گئی ۔

ملاقات کے بعد نورین نیازی واپس روانہ ہو گئیں جبکہ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو سے بھی گریز کیا۔ نورین نیازی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی، جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔

جیل ذرائع کے مطابق ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور قانونی امور پر گفتگو ہوئی۔ نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی فیصلے سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات ختم ہونے کے بعد نورین نیازی اڈیالہ جیل سے واپس داہگل ناکے پہنچیں۔ تاہم انہوں نے میڈیا کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادی گئی؟ جس پر نورین نیازی نے خاموشی کا اشارہ کیا۔

بعدازاں نورین نیازی نے کزن قاسم زمان کی گاڑی میں مشاورت کی، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خانم اور ڈاکٹر عظمیٰ بھی گاڑی میں پہنچ گئیں۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے بھی ملاقات کرادی گئی۔ ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی جو تقریباً 40 منٹ جاری رہی۔

ملاقات میں بشریٰ بی بی کی صحت اور قانونی امور سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔ملاقاتوں کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بہنیں داہگل ناکے سے واپس روانہ ہوگئیں اور انہوں نے ملاقات کے حوالے سے میڈیا کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔

اڈیالہ جیل میں ملاقات سے قبل نورین نیازی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی کو بتاؤں گی سپریم کورٹ سےآپکو اجازت ملی ہے، انکوبتاؤں گی آپ کیلئےپی ٹی آئی کے لوگوں نےکتنی کوششیں کی ہے۔

دوسری جانب بشریٰ بی بی کی فیملی سے بھی ملاقات کروا دی گئی ہے ، ملاقات 40 منٹ تک اڈیالہ جیل کانفرنس روم میں کروائی گئی۔ملاقات کرنےوالوں میں بشریٰ بی بی کا بیٹا موسیٰ مانیکا،بھابھی مہرالنساء شامل تھیں، ملاقات میں بشریٰ بی بی کی صحت سمیت قانونی امور سے متعلق بات چیت کی گئی۔

Read Previous

سپریم کورٹ کا فیصلہ میرٹ پر مبنی ، پی ٹی آئی نے بڑی دیرکی، سیدھا راستہ یہی تھا، رانا ثنااللہ

Read Next

پی ٹی آئی ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرے تومزید راستے کھل سکتے ہیں، سعد رفیق

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular