اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) جاپان نے پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کر دیا، جاپانی گرانٹ آئندہ سال انسداد پولیو مہم کے لیے ویکسین کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس مالی معاونت سے 2027 کی انسداد پولیو مہم کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ ویکسین خوراکیں خریدی جائیں گی۔انسداد پولیو ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے ہدف کے مزید قریب لے جانے میں معاون ثابت ہوگی۔
دوسری جانب جاپانی گرانٹ سے ملک بھر میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے جاپان 1996 سے پاکستان کی انسداد پولیو کوششوں میں ایک دیرینہ شراکت دار ہے اور اس کی مالی معاونت پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
