اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)اسلام آباد کے علاقے کھنہ پل پر تعمیراتی کام عوام کے لئے عذاب بن گیا ، خواتین اور بچوں کو خاص طور پر شدید مشکلات کا سامنا ، مٹی اونچے ڈھیروں پر چڑھنے کے دوران ہر روز کوئی نہ کوئی بچہ اور خاتون گر کر زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے کھنہ پل پر تعمیراتی کاموں عوام کے لئے عذاب بن گیا ، خواتین اور بچوں کو خاص طور پر شدید مشکلات کا سامنا پڑ رہا ہے ۔ خواتین، بچے، بزرگ، سامان اٹھائے ہوئے لوگ کیسے مٹی کے ٹیلوں اور پتھروں پر چڑھ کر راستہ پار کرنے پر مجبور ہیں۔ کوئی پرسان حال نہیں۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کھنہ پل کے مقام پر جاری میگا ترقیاتی منصوبے نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ ٹھیکیدار کی جانب سے عوام کے گزرنے کے لیے کوئی متبادل اور محفوظ راستہ نہ بنائے جانے سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
اس حوالے سوشل میڈیا پرمتاثرہ عوام کی جانب سے کئی ویڈیو اور تصاویر بھی شیئر کی جارہی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برقعہ پوش خواتین، چھوٹے بچے اور بزرگ شہری ہاتھوں میں سامان اور کندھوں پر بوجھ اٹھائے مٹی کے اونچے ٹیلوں اور بڑے پتھروں سے گزر رہے ہیں۔ ایک شخص کیڑے مار سپرے کا اشتہاری بورڈ اٹھائے کھڑا ہے جبکہ بجلی کے کھمبوں کے نیچے سے گزرنا بھی خطرے سے خالی نہیں۔
> شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ ہزاروں افراد اس راستے سے گزرتے ہیں، خدارا انتظامیہ فوری طور پر یہاں عارضی پیدل پل یا ہموار راستہ بنائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
