نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
راولپنڈی(فرنٹیئر نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، ریاست کے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، بلوچستان باصلاحیت، پرعزم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے، واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن و استحکام بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ امن و استحکام سے سرمایہ کاری کے فروغ اور بلوچستان کے وسائل کو عوامی خوشحالی میں بدلنے میں مدد ملے گی، بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور ملک کا سب سے متحرک طبقہ ہیں، بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے، دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام، ترقی کی راہ میں رکاوٹ اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان اور شام کا دفاعی شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانے پر اتفاق
دریں اثنا چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پاکستان اور شام کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچے اور آرمی چیف سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں پاکستان اور شام کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شام کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف نے عالمی امن اور علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا، مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
شام کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی کی ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
