تھانہ کورال پولیس نے خاتون کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، سگے بیٹے سمیت تین ملزمان گرفتار

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)تھانہ کورال پولیس نے موثر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے اندھے قتل کا قلیل وقت میں سراغ لگا لیاگیا۔ سگے بیٹے سمیت تین ملزمان گرفتار۔تھانہ کھنہ پولیس کی کارروائی، 720 بوتل شراب برآمد۔

تفصیلات کے مطابق ایس پی سواں زون حسنین وارث نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ کورال پولیس نے موثر کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے اندھے قتل کا قلیل وقت میں سراغ لگا لیا اور قتل میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ایس پی سواں زون نے بتایا کہ تھانہ کورال کی حدود سے ایک خاتون کی نعش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت ساجدہ بی بی کے نام سے ہوئی۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ کورال میں درج کرکے جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی بی، ٹیکنیکل ونگ، تھانہ کورال اور ہومی سائیڈ انویسٹی گیشن یونٹ پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز، جیو فینسنگ، کال ڈیٹا اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا۔

پولیس نے مقتولہ ساجدہ بی بی کے قتل میں ملوث تین ملزمان سہیل مسیح، چشمان مسیح (مقتولہ کا بیٹا) اور روبن مسیح کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول جبکہ مقتولہ اور اس کی بیٹی کے موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایس پی حسنین وارث نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تفتیش اور پولیس ٹیموں کی شب و روز کاوشوں کی بدولت اندھے قتل کی اس واردات کو قلیل وقت میں ٹریس کیا گیا۔مزید اسلام آباد پولیس کی جانب سے ”نشہ اب نہیں“ مہم کے تحت منشیات اور شراب فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ کھنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شراب فروشی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس ٹیم نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 720 بوتل شراب برآمد کرلی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات اور دیگر نشہ آور اشیاءکے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں منشیات کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Read Previous

آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

Read Next

گورنر راج اور ایمرجنسی آئینی ہتھیار ہیں جنہیں استعمال کیا جا سکتا ہے، بلاول بھٹوزرداری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular