آئی ایل ٹی20 نیلامی میں بابر اعظم کی بڑی ڈیل، ڈیزرٹ وائپرز نے 80 ہزار ڈالر میں سائن کرلیا

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کی نیلامی میں 80 ہزار امریکی ڈالر میں ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کر لیا۔ اس معاہدے کے ساتھ دنیا کے نمایاں کرکٹرز میں شمار ہونے والے بابر اعظم متحدہ عرب امارات کی فرنچائز لیگ کا حصہ بن گئے۔

بابر اعظم اس وقت پاکستان میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ لے رہے ہیں اور ملکی ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی مصروفیات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے رواں سال پاکستان سپر لیگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم نے مئی میں پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جتوایا۔ یہ پشاور زلمی کی تاریخ میں دوسرا پی ایس ایل ٹائٹل تھا جبکہ ٹیم نے اپنا پہلا چیمپئن شپ ٹائٹل 2017 میں حاصل کیا تھا۔یہ بطور کپتان بابر اعظم کا پہلا پی ایس ایل ٹائٹل تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 588 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز بھی حاصل کیا جس میں دو سنچریاں شامل تھیں۔ شاندار کارکردگی کے بعد انہیں پی ایس ایل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بھی نامزد کیا گیا۔

ڈیزرٹ وائپرز میں شمولیت کے بعد آئی ایل ٹی20 فرنچائز کو ایک تجربہ کار ٹاپ آرڈر بلے باز کی خدمات حاصل ہوگئی ہیں جس کے پاس بین الاقوامی اور مختلف فرنچائز لیگز کا وسیع تجربہ ہے۔بابر اعظم کی آئی ایل ٹی20 میں آمد سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں موجود کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کی نیلامی میں لیگ کی تمام چھ فرنچائزز پانچویں ایڈیشن سے قبل اپنی ٹیموں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کر رہی ہیں۔

Read Previous

عالمی برادری بھارت میں عبادت گاہوں کو مسمار کرنے کا نوٹس لے، ترجمان دفتر خارجہ

Read Next

پی ٹی آئی لانگ مارچ غیرمشروط طور پر ختم کرے، بلاول بھٹوزرداری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular