اسلام آباد(ظفرملک سے) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور کے اجلاس میں اوورلوڈنگ پر جرمانوں اور سزاؤں میں اضافے کی تجاویز، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سینیارٹی رولز 2026 اور مختلف قانونی ترامیم و قواعد کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو بلال اظہر کیانی اور متعلقہ وزارتوں و ڈویژنز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں اوورلوڈنگ، پیٹرولیم لیویز اور کاروباری ضوابط سے متعلق قانونی و انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے اوورلوڈنگ پر جرمانوں اور سزاؤں میں اضافے کی تجاویز اپنی سفارشات کے ساتھ منظور کر لیں، جبکہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سینیارٹی رولز 2026 کی اصولی منظوری بھی دے دی۔
کمیٹی نے پیٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی سے متعلق مجوزہ قانونی ترامیم کے مسودے کی منظوری دی۔ اجلاس میں آسان کاروبار ٹیکنیکل یونٹ اور پاکستان ریگولیٹری رجسٹری کے قیام و فعالیت سے متعلق مجوزہ قواعد بھی منظور کیے گئے۔منظور شدہ قانونی مسودات اور تجاویز مزید قانونی و انتظامی کارروائی کے لیے متعلقہ فورمز پر پیش کیے جائیں گے۔
