شیر افضل مروت بتائیں پٹیشن کی پلاننگ کس نے کروائی؟ سہیل آفریدی نے بڑا سوال اٹھا دیا

پشاور (فرنٹیئرنیوز)وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے شیر افضل صاحب صرف اتنا بتا دیں کہ وہ کون تھے جنہوں نے اس پٹیشن کی پلاننگ کروائی؟ آپ کہاں بیٹھے تھے اور اس وقت ساتھ کون کون بیٹھا ہوا تھا؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا اگر آپ اتنا ہی سچ بول دیں تو عمران خان کے ووٹرز کو پتہ چل جائے گا کہ اس سب کے پیچھے وہ کون تھے ؟

ویسے یہ پٹیشن کروانے والوں نے آپ کو یہ نہیں بتایا تھا کہ آپ لوگ تو خود اسمبلی اور عہدوں میں عمران خان کے دئیے ہوئے ٹکٹ کی بدولت پہنچے ہیں جسے اب آپ سزا یافتہ اور نااہل قرار دے رہے ہیں؟

قبل ازیں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایک طرف پٹرول قیمتوں میں اضافہ، دوسری طرف قرضے لے کر ملک چلایا جا رہا ہے، 74 سال میں 43 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، موجودہ جعلی حکومت نے پانچ سال میں قرضہ 97 ہزار ارب روپے تک پہنچا دیا، 74 سال میں لیے گئے قرضے سے زیادہ قرضہ موجودہ حکومت نے پانچ سال میں پاکستان پر چڑھا دیا، یہ بوجھ غریب عوام کو اٹھانا پڑے گا، غریب، مڈل کلاس اور سفید پوش طبقہ پس رہا ہے، دو وقت کا کھانا بھی مشکل ہو گیا ہے،

پاکستان میں مس ایڈونچرز کرنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ ملک اور عوام کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں، پنجاب کی جعلی وزیر اعلیٰ کے حالیہ بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو نقصان پہنچانا ان کا وطیرہ ہے، پنجاب کی وزیر اعلیٰ کا بیان صرف ایک صوبے نہیں، ریاست پاکستان کے بیانیے کے خلاف ہے، پاکستان مخالف بھارتی بیانیے کو دنیا میں پذیرائی ملنے کی وجہ ایسے بیانات ہیں، خیبرپختونخوا کے خلاف وفاقی وزراء کے بیانات کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے مزید کہا خیبرپختونخوا کے عوام اور حکومت میں تشویش ہے کہ ہمارے ساتھ کیا کرنے جا رہے ہیں، کیا یہ خیبرپختونخوا کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں؟ ایک ادارے کا ڈی جی خیبرپختونخوا کے چیف ایگزیکٹو کے خلاف ویڈیوز چلا کر پریس کانفرنسز کرتا ہے، دوسری طرف عدلیہ کا جج کمنٹس پاس کرتا ہے

، کیا یہ پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں یا پاکستان کو کس طرف لے کر جانا چاہتے ہیں؟ یہ پاکستان ہم سب کا ہے، چھوٹے صوبوں کے خلاف تعصب بھرا رویہ نفرتیں بڑھائے گا، جو پاکستان اور اداروں کے لیے اچھا نہیں، خیبرپختونخوا حکومت عوامی مفادات میں بہترین سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، گزشتہ مالی سال 130 ارب روپے کے ریونیو ہدف کے مقابلے میں 150 ارب روپے سے زائد جمع کیے، رواں مالی سال 180 ارب روپے کا ہدف ہے، نیا ٹیکس عائد کیے بغیر 200 ارب روپے سے زائد ریونیو جمع کریں گے، یہ ہوتی ہے اصلی عوامی خدمت اور عوامی مفادات، غیر متعلقہ لوگ حکومتی اور محکمانہ امور میں مسلسل مداخلت کر رہے اور افسران کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے مزید کہا این ایل سی کے سی اینڈ ڈبلیو منصوبوں میں ناقص کارکردگی اور کام نہ کرنے پر بطور اسپیشل اسسٹنٹ کچھ کنٹریکٹس منسوخ کیے تھے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبوں کے لیے بھرپور سکروٹنی کی گئی، میرٹ اور مکمل کاغذات رکھنے والی کمپنیاں ہی کوالیفائی ہوئیں، نامکمل کاغذات، جعلی بینک گارنٹی اور سفارشوں کی بنیاد پر آنے والی کمپنیاں ڈس کوالیفائی ہوئیں، یہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے، غلط کام اور میرٹ کے خلاف جانے کی کوئی گنجائش نہیں، میرٹ اور شفافیت پر پورا اترنے والی کمپنی کو کنٹریکٹ ملنے پر کوئی اعتراض نہیں، غلط طریقے سے کنٹریکٹ لینے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، خیبر پختونخواہ کے افسران میرٹ، شفافیت، گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، میں اپنی کابینہ اور افسران کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، افسران کو ڈرانے یا دھمکانے والوں کے خلاف آخری حد تک کھڑا رہوں گا۔

 

 

Read Previous

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، لاہور میں 600 سے زائد متحرک کارکنوں کی فہرستیں تیار

Read Next

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ غریب عوام پر ڈرون حملے کے مترادف ہے،علی محمد خان

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular