نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے ہر بچے کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے بالخصوص طبی تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ تعلیمی معیار کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
مختلف اسکولوں اور کالجوں سے آئے ہوئے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے خاقان وحید خواجہ نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس حق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد معیاری تعلیم پر استوار ہے۔
اس موقع پر طلبہ نے خصوصاً ایف ایس سی (پری میڈیکل) اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلیمی معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ تدریسی معیار، عملی تربیت اور تعلیمی سہولیات میں موجود خامیاں ان کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں، جنہیں فوری طور پر دور کرنے کی ضرورت ہے۔
خاقان وحید خواجہ نے طلبہ کے تحفظات کو جائز قرار دیتے ہوئے متعلقہ ریگولیٹری اداروں اور تعلیمی حکام پر زور دیا کہ وہ طبی تعلیم سمیت تمام تعلیمی شعبوں میں اعلیٰ ترین تعلیمی معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے بغیر نہ صرف طلبہ کا مستقبل متاثر ہوتا ہے بلکہ ملک کا صحت کا نظام بھی کمزور پڑ جاتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عوامی قوت ہر بچے کے حقِ تعلیم، تعلیمی انصاف اور معیاری طبی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
