بہاولپور:(فرنٹیئر نیوز) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر (ر) محمد علی درانی نے ملک بھر میں چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے ملک گیر عوامی تحریک کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 سال سے بہاولپور کے عوام کے حقوق پر شب خون مارا جا رہا ہے، تاہم اب عوام اور ادارے چند خاندانوں کے تسلط اور انگریز دور کے فرسودہ نظام کے خاتمے پر متفق ہو چکے ہیں۔
بہاولپور پریس کلب میں منعقدہ ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت چھوٹے صوبوں اور کم خرچ انتظامی یونٹس کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ پنجاب اسمبلی متفقہ طور پر نئے صوبے کی قرارداد منظور کر چکی ہے اور اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے منظور شدہ بزنس کبھی کالعدم نہیں ہوتا؛ اگر کسی جماعت یا لیڈر میں ہمت ہے تو وہ اس کے خلاف اسمبلی سے نئی قرارداد پاس کروا کر دکھائے۔
محمد علی درانی نے صوبائی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے بجٹ کا تقریباً 70 فیصد حصہ صرف لاہور پر لگا دیا جاتا ہے، جبکہ دوسری طرف بہاولپور کے محروم عوام اور لاہور کے کچے علاقوں کے شہریوں کے بنیادی مسائل جوں کے توں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروٹوکول، بڑی گاڑیوں اور ہیلی کاپٹروں کے شاہانہ اخراجات عوام کی جیب پر بوجھ ہیں، اس لیے ہماری تحریک کا بنیادی نعرہ “چھوٹے صوبے، چھوٹے خرچے” ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبے انگریزوں کے نوآبادیاتی دور کے مرہونِ منت ہیں جن کا کنٹرول اب بھی روایتی وڈیروں اور جاگیرداروں کے ہاتھ میں ہے۔ عوام کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں قائد اعظم کے وژن کے مطابق بااختیار پاکستان میں رہنا ہے یا انگریزوں کے چھوڑے ہوئے استحصالی نظام میں۔ انہوں نے زور دیا کہ مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ دے کر اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں تاکہ باصلاحیت نوجوان قیادت اقتدار میں آ سکے۔
سابق وفاقی وزیر نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ملکی سیاست کا محور نئے صوبوں کے حق اور مخالفت پر ہوگا؛ جو روایتی میونسپل پارٹیاں عوامی امنگوں کی راہ میں رکاوٹ بنیں گی، عوام انہیں ہمیشہ کے لیے فارغ کر دیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نہ ہم پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہٹنے دیں گے، یہ ملک گیر قافلہ اب صوبے بنا کر ہی دم لے گا۔
