FFRONTIER NEWSNEWS • PAKISTAN & THE WORLD
WEATHER REPORTLive data not configured

عمران خان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، ذاتی معالجین تک رسائی نہ دینے سے خدشات بڑھ رہے ہیں، سلمان اکرم راجا

اسلام آباد (فرنٹیئر نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بلڈ پریشر معمول پر نہیں آرہا اور ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔

مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بلڈ پریشر کا مسئلہ مسلسل برقرار ہے، اور ہمیں بتایا گیا تھا کہ جولائی اور اگست میں انہیں بلڈ پریشر کا عارضہ لاحق تھا جو بعد میں ٹھیک ہو گیا، تاہم سلمان صفدر سے دو روز قبل ہونے والی ملاقات میں عمران خان نے جو تفصیلات بتائیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے مطابق ان کے بلڈ پریشر کی اوپری سطح 192 تک پہنچ گئی ہے اور یہ صورت حال مسلسل پیش آرہی ہے۔ اس سے خدشات پیدا ہوتے ہیں کہ انہیں کیا کھلایا جارہا ہے، کون سی ادویات دی جارہی ہیں اور ان کی دیکھ بھال کس طرح کی جارہی ہے۔

(پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ موجودہ نظام عمران خان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دینے سے گریزاں ہے حالانکہ ان کے ذاتی ڈاکٹر گزشتہ 40 سال سے ان کا علاج کررہے ہیں۔ذاتی معالجین تک رسائی نہ دینے سے صرف شکوک و شبہات ہی پیدا نہیں ہوتے بلکہ یہ یقین مضبوط ہوتا ہے کہ معاملات ٹھیک نہیں ہیں

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کی جان کی حفاظت ہم سب اور پوری قوم کا فرض ہے۔ وہ واضح طور پر قوم کے سامنے یہ بات رکھنا چاہتے ہیں کہ اس وقت عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے۔

سلمان اکرم راجا نے خیبرپختونخوا میں لگائے گئے گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف آواز بلند کرنے پر مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں جو کچھ انہیں سہنا پڑ رہا ہے وہ ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔ ان کے گھر اور ذات پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ اس ملک میں جب چاہے کسی کی بھی عزت اچھالنے کو ایک ریت بنا دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم آل پارٹیز کانفرنس کی طرف ہم بڑھ رہے ہیں وہ قومی یگانگت کی جانب پہلا قدم ہو گا اور پوری قوم نے اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے غلامانہ زندگی جینی ہے یا اپنے وقار کو بحال کرنا ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی اکٹھے بیٹھ کر مسائل کا حل ڈھونڈیں گے۔ جس کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کرے گی جس پر دونوں جماعتیں مل کر چل سکیں۔ پھر ہم ملک کی ہر جمہوریت پسند جماعتوں سمیت دیگر چھوٹی بڑی جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وفاق کی جڑوں کو کمزور کیا جا رہا ہے اور اب وقت ہے کہ ہم ملک کو بچائیں۔ جس طرح آزاد کشمیر میں خون بہایا گیا، خیبر پختونخوا میں چار کروڑ سے زائد لوگوں کے مینڈیٹ پر حملہ ہوا ہے، بلوچستان دہائیوں سے لہولہان ہے اور لوگ گمشدہ ہیں،۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سندھ کا ہاری مضطرب ہے جسے نہیں پتہ کہ اس کے پانی کا مستقبل کیا ہے، پنجاب میں کوئی گھر ایسا نہیں جہاں حق کی آواز اٹھی ہو اور اس پر حملہ نہ ہوا ہو۔ہم نے اب فیصلہ کرنا ہے کہ اس قوم کے وقار اور شرافت کو کیسے زندہ رکھنا ہے۔ انشاءاللہ ہم کامیاب ہوں گے۔ ہمارا یہ ارادہ اور ایک دوسرے سے وعدہ ہے، پاکستانی قوم سے وعدہ ہے کہ یہ جنگ ہم مل کر لڑیں گے۔

Read Previous

یہاں بھی چھوٹے چھوٹے ٹرمپ موجود ہیں،عمران خان انکے گلے کی ہڈی بن گئے ہیں،علامہ راجہ ناصر عباس

Read Next

ترک پارلیمنٹ نے پاکستان اور سعودیہ کے ساتھ مکہ دفاعی معاہدے کی توثیق کردی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular