نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاک فوج ہر نوعیت کے خطرات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
جنرل سید عامر رضا نے مزید کہا کہ ہماری سرحدوں کے پار حریفانہ عزائم رکھنے والوں کے لیے ہمارا موقف غیر متزلزل اور بالکل واضح ہے۔۔۔کسی بھی قسم کی غلط فہمی کی صورت میں ایسا ردعمل دیا جائے گا جو تصور اور اندازوں سے کہیں بڑھ کر ہوگا۔”
یاد رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 2 روز قبل ایک دھمکی آمیز بیان میں کہا تھا کہ پاکستان سے ہونے والی کسی بھی آئندہ ’دہشت گردی کی کارروائی‘ کا پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
گزشتہ روز دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزیر کے اس بیان کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ گزشتہ سال مئی میں پاکستان کے خلاف فوجی محاذ آرائی سے ہی سبق سیکھ جب پاکستان نے اسے منہ توڑ جواب دیا تھا۔
اپنے خطاب میں کمانڈر اسٹریٹجک کمانڈ نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار سے ہونے والی جارحیت، اپنی علاقائی خودمختاری اور سرحدوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ”ایمان، تقویٰ، جہاد فی سبیل اللہ‘ کے بنیادی اصولوں کی روشنی میں، پاکستان کی مسلح افواج اپنی مقدس سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع ہر قیمت پر کرنے کے لیے تیار ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، تحمل، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کو ترجیح دی ہے۔ ”علاقائی استحکام کی بحالی میں ہمارا فیصلہ کن کردار، جس کی ایک نمایاں مثال اسلام آباد معاہدہ ہے، امن اور سفارتی سطح پر کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے ہمارے لازوال عزم کا مظہر ہے۔“
جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس کا حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے فلسطین کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”فلسطین میں جاری المیے سے ہمارے دل شدید دکھی ہیں، جہاں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ افراد مسلسل مصائب جھیل رہے ہیں۔“
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا اور شہری تنصیبات کی تباہی بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے جنگ کی نوعیت بدل دی ہے اور مسلح افواج نے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں میں تبدیلی کا عمل تیز کیا ہے۔ انہوں نے کیڈٹس پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ اس میں مہارت حاصل کریں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ فوجی قیادت کے لیے مضبوط کردار، حوصلہ، پیشہ ورانہ مہارت اور اعتماد بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ نئے افسران کو اپنے ماتحت اہلکاروں کا اعتماد جیتنے اور مشکل حالات میں درست فیصلے کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔جنرل سید عامر رضا نے پاکستان ملٹری اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان افسران ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن سے تعلق رکھنے والے فارغ التحصیل کیڈٹس کو بھی مبارک باد دی۔
انہوں نے کیڈٹس کے والدین اور تربیت دینے والے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی میں حاصل ہونے والی تربیت اور نظم و ضبط کو عملی زندگی میں برقرار رکھنا نئے افسران کی ذمہ داری ہے۔
