خیبرپختونخوا میں سول انتظامیہ کی معاونت کیلئے پاک فوج تعینات کرنے کا حکم نامہ جاری

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورت حال اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کی غرض سے پاک فوج کی تعیناتی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا۔

حکم نامے کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت خیبرپختونخوا میں پاک فوج کے دستوں اور وسائل کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت جاری کیے گئے اعلان کی مدت کے لیے فوج کی تعیناتی کی اجازت دی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی تعیناتی کا بنیادی مقصد شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنانا اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کرنا ہے، اس سلسلے میں پاک فوج صوبے میں امن و امان برقراررکھنے کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔وفاقی حکومت کی جانب سے جاری حکم نامے میں تعینات کیے جانے والے فوجی دستوں اوروسائل کی تعداد کے تعین کا طریقہ کار بھی واضح کیا گیا ہے۔

اس کے مطابق گورنرخیبرپختونخوا، جی ایچ کیو کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے مشاورت کے بعد تعینات کیے جانے والے فوجی دستوں اوروسائل کی تعداد کا تعین کریں گے۔حکم نامے کے تحت فوجی دستوں کی تعیناتی صوبے میں امن وامان کی صورت حال کومدنظررکھتے ہوئے کی جائے گی جبکہ سول انتظامیہ کودرپیش ضروریات کے مطابق فوجی وسائل کی فراہمی اورتعیناتی کے معاملات طے کیے جائیں گے۔

وفاقی حکومت کے حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پاک فوج سول انتظامیہ کی معاونت کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اورسرکاری املاک کی حفاظت کے لیے خدمات انجام دے گی۔اس اقدام کا مقصد صوبے میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنانے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے انتظامی اقدامات کو مؤثربنانا ہے۔حکم نامے کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق نوٹیفکیشن آئندہ گزٹ آف پاکستان، پارٹ ٹو میں شائع کیا جائے گا۔

خیبرپختونخوا میں پاک فوج کی تعیناتی کا یہ حکم نامہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صوبے میں امن وامان اور دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں حکومتی اقدامات زیربحث ہیں۔تاہم حکم نامے میں فوجی دستوں کی تعیناتی کے لیے مخصوص مقامات، دستوں کی تعداد اور عملی تعیناتی کے شیڈول کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے ہیں، جس کے تحت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنرراج لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورت حال اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی منظوری دی گئی۔

 

Read Previous

اداکارہ میرا کو کینیڈا بارڈر سے ڈی پورٹ ، نیویارک روانہ

Read Next

گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ مسترد، مولانا فضل الرحمان کابڑا اعلان

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular