پاکستان کا کروز میزائل فتح 4 ایکس ٹینڈڈ ورژن کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی(فرنٹیئرنیوز)پاکستان نے 800 کلومیٹر سے زائد رینج رکھنے والے مقامی طور پر تیار کردہ کروز میزائل فتح 4 کے ایکسٹینڈڈ ورژن کا کامیاب تجربہ کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کروز میزائل فتح 4 جدید ترین ایویونکس اور نیویگیشنل آلات سے لیس ہے اور انتہائی درستگی کے ساتھ طویل فاصلے پر موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیمانوں کی بھی توثیق کی گئی۔ ان تکنیکی پیمانوں کا مقصد میزائل کی درستگی اور بقا کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتح 4 ایکسٹینڈڈ ورژن کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اہم پیشرفت ہے۔ترجمان کے مطابق پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔

صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے کامیاب میزائل تجربے پر مبارکباد دی۔ اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت نے سائنسدانوں، انجینئرز اور تجربے میں شریک دیگر افراد کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے کروز میزائل فتح 4 کا تجربہ گزشتہ سال اگست میں کیا تھا۔ یہ فتح سیریز میں پہلا کروز میزائل ہے کیونکہ اس سے قبل اس خاندان میں زیادہ تر بیلسٹک میزائل اور گائیڈڈ راکٹ شامل تھے۔اس میزائل کا وزن 1530 کلوگرام اور لمبائی 7.5 میٹر جبکہ رفتار سب سونک یعنی 0.7 میک ہے۔ یہ میزائل زمین سے صرف 50 میٹر کی بلندی پر پرواز کر سکتا ہے اور ریڈار پر اس کا پتہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔

 

Read Previous

وزیراعظم کی مذاکرات کی دوبارہ پیشکش، محمود خان اچکزئی کی اپوزیشن کو مثبت جواب دینے کی ہدایت

Read Next

عمران خان کے کزن قاسم زمان گرفتار، 30 روزہ نظر بندی کا حکم جاری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular