تحریک انصاف کی ڈی آئی خان چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلہ چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی پاکستان تحریک انصاف شدید مذمت کرتی ہے۔جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کی اس بزدلانہ کارروائی میں 14 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں، شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ احترام ہیں۔پاکستان تحریک انصاف واضح کرتی ہے کہ دہشتگردی کسی صورت قابلِ قبول نہیں، ریاست شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ کھڑی ہے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں آج ہونے والے دہشتگردی کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سہیل آفریدی نے دھماکے میں نوجوانوں اور شہریوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انہیں گہرا دکھ ہے۔انہوں نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔سہیل آفریدی نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں امن میلے کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس ہے۔ شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس، سکیورٹی فورسز اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، جن کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ دہشتگرد اپنے مذموم عزائم کے ذریعے خیبرپختونخوا کے عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ صوبائی حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔وزیر اطلاعات نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

Read Previous

وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کی وفاقی حکومت کو مذاکرات کی پیشکش

Read Next

ڈیرہ: دھماکے کے زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر فائرنگ، 2 ریسکیو اہلکار شہید

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular