اہم فیصلوں کا وقت آچکا ،خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، خواجہ آصف

اسلام آباد (فرنٹیئرنیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی دہشت گردوں سے مکمل ملی بھگت اور اس کے سہولت کار ایکو سسٹم کی کافی مثالیں اور شواہد موجود ہیں اور صوبائی حکومت کی دہشت گردی سے مکمل لاتعلقی اور مجرمانہ بے حسی جاری ہے۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی صوبے میں دہشت گردی سے مکمل لاتعلقی اور مجرمانہ بے حسی جاری ہے، بس بہت ہوگیا۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نام نہاد ناکام سیاسی لانگ مارچ کے لیے سڑکوں پر گھوم رہی ہے جب کہ ان کے سہولت کاروں نے اسی دوران خیبرپختونخوا کے لوگوں کے خلاف ایک تازہ دہشت گردی کی لہر شروع کر دی ہے

ان کا کہنا تھا کہ 6 اکتوبر کو ڈی آئی خان میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر 5 بے گناہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جاں بحق 5 افراد میں سے دو کسٹم اہلکار تھے۔اس سنجیدہ معاملے سے مکمل طور پر بے حس، پوری صوبائی کابینہ، وزیر اعلیٰ سمیت اپنے سیاسی ناکام لانگ مارچ میں پوری طرح مشغول ہے، ان بے حس اور بے شرم لوگوں نے ہمیشہ کی طرح ڈی آئی خان میں ان 5 افراد کے بے گناہ قتل کی بھی پہلے کی طرح کوئی مذمت نہیں کی، سوگوار خاندانوں سے کوئی تعزیت نہیں کی، ان کے جنازے نہیں پڑھے یا کم از کم دکھانے کی حد تک ہی سہی ان کے گھروں تک جا کر افسوس نہیں کیا۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی اعتبار سے نا قابل معافی ہے بدقسمتی سے، اس کے برعکس، وزیراعلیٰ نے رات گئے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کو اپنی پارٹی کے کہنے پر گورنر کی سیکیورٹی میٹنگ میں شرکت پر آج سرزنش کرنے کے لیے اجلاس بلا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صوبہ جو دہشت گردی کی زد میں ہے اس کے وزیراعلیٰ اور اس کی کابینہ نے صوبے کے عوام کو پوری طرح دہشت گردوں کے رحم پر چھوڑ دیا ہے، اسی لیے خیبرپختونخوا کے عوام مختلف علاقوں میں صوبائی حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں اور یہ مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔خیبرپختونخوا کے لوگوں کا کافی خون بہایا جا چکا ہے، اس حکومت کی دہشت گردوں سے مکمل ملی بھگت اور اس کے سہولت کار ایکو سسٹم کی کافی مثالیں اور شواہد موجود ہیں، جو ہر پاکستانی پچھلے تین سال میں اپنی آنکھوں سے بھی دیکھ چکے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف اور اس کا پورا خاندان اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت پی ٹی آئی کے دور میں قید رہی، وقت نے ثابت کیا کہ الزام بس الزام تھے، عمران خان کی فرمائش پر قید کیا جاتا تھا، مگر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارلیمنٹ میں اپنے رول کو آئینی ذمہ داری سے نبھایا۔

انہوں نے کہاکہ ملک اور اداروں کو یرغمال نہیں بنایا، عدالتوں اور پارلیمنٹ میں قانونی اور آئینی جنگ لڑی اور طالبان کے اتحادی نہیں بنے۔اہم فیصلے کرنے کا وقت آ چکا ہے خیبرپختونخوا کو مزید نا اہل، بے حس حکمران اور طالبان کے اتحادیوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، ملک کی وحدت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا اور ایک پورے صوبے کو یرغمال نہیں جاسکتا۔

 

Read Previous

حکومت اسلام آباد میں کسی بھی صورت چڑھائی نہیں ہونے دے گی،طارق فضل چودھری

Read Next

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات،رفقاء کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کے حوالے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular