اپوزیشن اتحاد نے تحریک انصاف کی 4 اکتوبر کی احتجاجی کال کی حمایت کردی

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 4 اکتوبر کو دی گئی احتجاج کی کال کی حمایت کرتے ہوئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپور شرکت کا اعلان کردیا۔

ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی کے مطابق تحریک انصاف اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہے، اسی تناظر میں پی ٹی آئی کی جانب سے 4 اکتوبر کی کال دی گئی ہے، جس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپور شرکت کرے گی۔

27 ستمبر کی کال کو سربراہی اجلاس میں متفقہ طور پر اپوزیشن اتحاد کی مشترکہ کال قراردیا گیا تھا، اجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی گئی تھی۔27 ستمبر کے احتجاج کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ بھی تفصیلی مشاورت ہوئی تھی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے بیان میں بھی اس حوالے سے صورتحال واضح کی تھی۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بتایا تھا کہ 27 ستمبر کے حوالے سے فیصلہ تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا تھا۔سیاسی کمیٹی کی جانب سے فیصلے کا اعلان کیے جانے سے قبل بیرسٹر گوہر قائدین حزب اختلاف کے پاس آئے تھے۔

اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے قائدین نے بیرسٹر گوہر کو واضح طور پر بتایا تھا کہ 27 ستمبر سے ایک ایک دن ہمارے لیے اہم ہے اور موجودہ سیاسی صورتحال میں وقت کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔بیرسٹر گوہر سے کہا گیا تھا کہ یہ وقت دوبارہ نہیں آئے گا، موجودہ حالات میں ملک کے جمہوری مستقبل اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے یہ وقت انتہائی اہم ہے۔

اپوزیشن اتحاد کی جانب سے پہلے ہی احتجاجی حکمت عملی پر مشاورت کی جاچکی تھی جبکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی رابطے جاری رہیں گے۔تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر 4 اکتوبر کی کال میں شرکت کرے گی اور اس حوالے سے جماعتوں کے درمیان رابطہ اور مشاورت جاری ہے۔

 

Read Previous

کل کون کون عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرے گا ؟ نام سامنے آگئے

Read Next

بلوچستان اور پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 دہشتگرد ہلاک

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular