نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
راولپنڈی،مانسہرہ (فرنٹیئرنیوز)جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقو میں موسلادھار بارش جاری ، ندی نالوں میں طغیانی جبکہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش جاری ہے ، سیاحتی مقامات وادی ناران، وادی کاغان، جھیل سیف الملوک، پٹاکنڈی، بابوسر ٹاپ، بیسر اور جلکھڈ سمیت بالائی پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔اِسی طرح بارشوں کے باعث کلاؤڈ برسٹ، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس پر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
راولپنڈی واسا حکام کا کہنا ہےکہ نشیبی علاقوں میں واسا کی اضافی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں، نالہ لئی کے اطراف ریسکیو 1122، واسا اور سول ڈیفینس کا عملہ تعینات ہے۔
ادھر نالہ لئی سمیت تمام نالوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے جب کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے لیے بھی احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کیا جائے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ آب گزرگاہوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ علاقوں سے دور رہا جائے اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کیا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی پیدا ہوگئی ہے جبکہ دریائے سرن اور دریائے کنہار میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
