مسلم لیگ(ن) نے اپنے رہنمائوں کو نئے صوبوں کے قیام بارے موقف دینے سے روک دیا

لاہور(فرنٹیئرنیوز)نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر سیاسی بحث تیز ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت نے فی الحال اس موضوع پر خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق بیانات دینے سے روک دیا ہے۔نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ رہنما اس معاملے پر کوئی مؤقف اختیار کرنے سے گریز کریں اور پارٹی کی حتمی پالیسی کا انتظار کریں۔مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے معاملے پر اپنی پالیسی مشاورت کے بعد سامنے لائے گی تاہم اس وقت تک پارٹی رہنماؤں کو اس حساس موضوع پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادیں منظور ہونے کے بعد ملک بھر میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر سیاسی بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر مختلف جماعتوں کے مؤقف سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کی مخالفت کا اظہار کرچکی ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے فی الحال اس معاملے پر واضح پالیسی کا اعلان نہیں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے رہنماؤں کو بیان بازی سے روکنے کا مقصد پارٹی کے اندر مشاورت مکمل ہونے تک کسی ممکنہ اختلاف یا ابہام سے بچنا ہے۔مسلم لیگ ن نے موجودہ صورتحال میں نئے صوبوں کے معاملے پر عارضی طور پر خاموشی کی پالیسی اختیار کی ہے اور پارٹی کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے آنے تک رہنماؤں کو پارٹی لائن سے ہٹ کر بیان دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

Read Previous

عمران خان تین سال سے قید تنہائی میں ہیں جو تشدد کے مترادف ہے ،جمائما گولڈ اسمتھ

Read Next

نہ کوئی ڈیل ہے نہ ہی کوئی ڈھیل، سب کہانیاں پی ٹی آئی گھڑ رہی ہے،طلال چوہدری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular