پاکستان میں سائبر کرائم کیخلاف بڑی کارروائیاں،سینکڑوں گرفتار، 76کو ملک بدرکرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں مبینہ سائبر کرائم اور آن لائن بھتہ خوری نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے 284 غیر ملکیوں میں سے 76 کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کارروائی کے دوران مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں زیادہ تر کا تعلق چین، ویتنام، انڈونیشیا اور ملائیشیا سے ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر غیر قانونی کال سینٹرز چلا رہے تھے اور آن لائن مالی فراڈ سمیت مختلف سائبر جرائم میں ملوث تھے۔حکام کے مطابق یہ افراد سیاحتی، وزٹ اور بزنس ویزوں پر پاکستان آئے تھے، تاہم مبینہ طور پر ویزا شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوئے۔

وزارت داخلہ نے گرفتار غیر ملکیوں کے ویزے منسوخ کر دیئے، جبکہ تمام افراد کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔حکام کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے غیر ملکیوں کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ سائبر کرائم اور سیکسٹورشن نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور مزید کارروائی متوقع ہے۔

Read Previous

آئی جی اسلام آبادکا سکیورٹی، ٹریفک، لاجسٹکس اور پولیس ویلفیئر سے متعلق امور کا جائزہ

Read Next

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات۔۔۔ لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ جاری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular