جماعت اسلامی کے صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاجی دھرنے شروع

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) جماعت اسلامی کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں احتجاج جاری ہے۔کراچی میں خضرا مسجد سے جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا، جو کراچی پریس کلب روڈ سے گورنر ہاؤس کی جانب روانہ ہوئی۔

ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے گورنر ہاؤس جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔رکاوٹوں کے باعث امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی قیادت میں ریلی کے شرکا نے گورنر ہاؤس کے قریب فوارہ چوک پر دھرنا دے دیا۔

پشاور میں بھی پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا آج شام شروع ہوا۔ امیر جماعت اسلامی وسطی خیبرپختونخوا عبدالوسع نے کہا کہ پٹرولیم لیوی ظالمانہ نظام ہے جس کے باعث عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 1205 ارب روپے وصول کیے، جبکہ یہ لیوی کسانوں، مزدوروں اور عام شہریوں پر اضافی بوجھ ہے۔

دوسری جانب لاہور میں جماعت اسلامی نے چیئرنگ کراس پر احتجاجی کیمپ قائم کر دیا۔ کارکنان مسجد شہدا سے ریلی کی صورت میں چیئرنگ کراس پہنچے، جہاں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔احتجاج کے پیش نظر چیئرنگ کراس پر پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے یا کمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

Read Previous

راولاکوٹ :مسلح کارندوں کاجدید اسلحہ اور دستی بموں سے سکیورٹی فورسز پر حملہ

Read Next

گڈز ٹرانسپورٹرز ہڑتال ختم کریں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں، احسن اقبال

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular