پنجاب کوجنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ فعال ’’اے آئی‘‘ صوبہ بنے گا، مریم نواز

لاہور(فرنٹیئرنیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سال 2029 تک پنجاب کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مکمل طور پر ہم آہنگ اور جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی فعال صوبہ بنانے کا ہدف مقرر کردیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کے باضابطہ آغاز اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں علی مصطفیٰ ڈار نے وزیراعلیٰ کو گزشتہ دو ماہ کے دوران اے آئی آفس کی کارکردگی اور پنجاب کے پہلے مصنوعی ذہانت سے فعال ڈیلیوری یونٹ کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ پنجاب کے اے آئی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جبکہ ماہرین کی معاونت سے متعلقہ سرکاری عملے کی تربیت اور شمولیت کے لیے آن بورڈنگ پروگرام بھی تیار کیا گیا ہے۔اجلاس میں پنجاب کو اے آئی سے ہم آہنگ صوبہ بنانے کے وژن پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کو پنجاب اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے سرکاری خدمات، طرز حکمرانی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے گا۔

Read Previous

خیبر پختونخوا، 2 بچوں سمیت 9 افراد ڈوب گئے، ریسکیو آپریشن جاری

Read Next

ہزارہ صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، عبدالعلیم خان

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular