نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا ہے، اب اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں، آزاد کشمیر کو بھی ترقی دینی ہے اور وہاں کے مسائل ختم کرنے ہیں۔آزاد کشمیر کے عوام پنجاب کی ترقی کی طرف دیکھ رہے ہیں، جس طرح پنجاب بدلا ہے اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلیں گے۔
آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دی اورکہا کہ جو امیدوار کامیاب نہیں ہوسکے انہیں بھی شاباش دیتا ہوں۔اپنے کچھ امیدواروں کے ہارنے کا بہت دکھ ہے، تاہم کسی ایک سیٹ کے ہارنے پر ہمیں حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے آزاد کشمیر میں ہمیں فتح سے ہمکنار کیا ہے اور پہلے دو مرحلوں میں ہمیں اکثریت مل چکی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے، سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔پیپلزپارٹی سے توقع نہیں تھی کہ اس طرح کے بیانات دیے جائیں گے، مجھے امید نہیں تھی کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے شکایت کا کوئی موقع ملے گا۔ آزاد کشمیر میں اس سے قبل پیپلزپارٹی کی حکومت تھی، اس لیے سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کا احترام برقرار رکھنا چاہیے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں اب عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ اگر ہم نے ڈیلیور نہ کیا تو آزاد کشمیر کے عوام ہم سے ناراض ہوجائیں گے۔کشمیر کا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے، اسے سیاسی تلخی کی طرف نہیں لے جانا چاہیے۔ حکومت اور سیاسی قیادت کو مل کر عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں تاکہ سڑکیں بن سکیں اور صنعتوں کو فروغ حاصل ہو۔ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس ملنی چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے بہتر مواقع میسر آسکیں اسی طرح آزاد کشمیر میں کسان کارڈ کا اجرا بھی ہونا چاہیے تاکہ کسانوں کو زرعی شعبے میں سہولت اور معاونت فراہم کی جاسکے۔
نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی جسے وزیراعلیٰ مریم نواز نے آگے بڑھایا۔ اسی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے، آزاد کشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات، بہتر سڑکیں، روزگار اور صنعتوں کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر ضرور دیا جائے تاکہ دشوار گزار علاقوں تک رسائی اور عوامی و انتظامی امور میں سہولت پیدا ہوسکے۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بھی سی پیک کے منصوبے لانچ کیے جائیں تاکہ خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے امیر مقام اور رانا ثنااللہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما وہاں پہنچے جہاں پہنچنا مشکل نظر آتا تھا۔ امیر مقام ایسے مہم چلا رہے تھے جیسے اپنی ذاتی انتخابی مہم چلا رہے ہوں۔انہوں نے خواجہ سعد رفیق کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے عمدہ کام کیا، جبکہ انوشہ رحمان بھی ایک ایک جگہ گئیں اور بھرپور محنت کی۔ طارق فضل چودھری نے بھی بھرپور جواب دیا، جبکہ طلال چودھری اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے بہت اچھا کام کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو اب انتخابی کامیابی کو عوامی خدمت میں تبدیل کرنا ہوگا۔ آزاد کشمیر کے عوام نے جو اعتماد دیا ہے اسے عملی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کے ذریعے مضبوط بنانا ہوگا۔حکومت کو عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے، زراعت کو سہارا دینے اور صنعتوں کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی صرف سڑکوں اور عمارتوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ تعلیم، زراعت، صنعت، روزگار اور جدید سہولیات کے شعبوں میں بھی نمایاں تبدیلی لانا ہوگی۔مسلم لیگ ن عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی اور آزاد کشمیر کو ترقی کے سفر میں پنجاب کے شانہ بشانہ آگے لے کر جائے گی۔
